کرائم سیریز سے لیکر فیملی ڈراموں تک کا نیا گلدستہ

کرائم سیریز سے لیکر فیملی ڈراموں تک کا نیا گلدستہ

حد سے زیادہ گلیمر اور بے مقصد کہانیوں پر بنائے گئے سوپ اور ڈرامہ سیریلز کی بھیڑ میں ’ٹی وی ون‘ اپنے ناظرین کے لئے نئے ڈراموں کا ایسا گلدستہ پیش کر رہا ہے جس میں فیملی ڈراموں کے ساتھ ساتھ مزاحیہ اور کرائم سیریز بھی شامل ہے۔

چینل کی ایک عہدیدار وجیہہ جواد نے وی او اے کو بتایا کہ ’’نئے پروگرامز میں فیملی ڈراموں سے لے کر مزاحیہ سیریلز تک سبھی کچھ شامل ہے۔ مثال کے طور پر میں ستارہ، من پیاسا، خوشبو کا سفر، یہ جنون، خدا گواہ اور پری زاد۔

وجیہہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں ستارہ‘ کی ہیروئن صبا قمر ہیں اور یہ فیملی ڈرامہ ہے جبکہ ’من پیاسا‘ ایک صحافی جوڑے کی کہانی ہے۔ ’’خوشبو کا سفر کی بات کریں تو یہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی کہانی ہے جہاں نابینا افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ دراصل، یہ عوامی شعور جگانے کی ایک کوشش ہے۔‘‘

کرائم سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’یہ جنون‘ میں حقیقی واقعات کو بہت عمدگی سے ڈرامائی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔’خدا گواہ‘ میں باپ اور بیٹی کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کی گئی ہے۔

چینل سے ایک میوزیکل ڈرامہ ’تان سین‘بھی پیش کیا جا رہا ہے، جس میں 91 گانے شامل ہیں۔ اس میں نئے گلوکاروں اور میوزیشنز کی جدوجہد دکھائی گئی ہے۔